بنگلہ دیش کے دارالحکومت میں 24ویں ڈھاکہ انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے جس میں 91 ممالک کی 245 فلموں کی نمائش کی جائیگی، فیسٹیول 18جنوری تک جاری رہے گا، افتتاحی تقریب بنگلہ دیش نیشنل میوزیم میں ہوئی جس میں مقامی اور غیر ملکی فلمسازوں، ثقافتی شخصیات، سفارتکاروں اور میڈیا نمائندوں نے شرکت کی، تقریب کے دوران 2 آڈیٹوریمز میں بیک وقت فلموں کی نمائش کی گئی جبکہ مرکزی آڈیٹوریم میں چینی ہدایتکار چن شیانگ کی فلم وو جن ژی لو پیش کی گئی، اس موقع پر بنگلہ دیش اور چین کے درمیان ثقافتی روابط کو فروغ دینے کیلئے چینی فلموں کا خصوصی گوشہ بھی قائم کیا گیا، تقریب میں جلتارنگا تھیٹر کمپنی نے فنی پرفارمنس بھی پیش کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فیسٹیول ڈائریکٹر احمد مجتبیٰ جمال نے کہا اچھا سنیما، اچھا ناظر اور اچھی سوسائٹی ایک دوسرے سے جڑے ہوتے ہیں۔
عبوری حکومت کی مشیر سیدہ رضوانہ حسن نے کہا کہ سنیما نہ صرف تفریح کا ذریعہ ہے بلکہ ماحولیاتی شعور، سماجی ذمہ داری اور ثقافتی ہم آہنگی کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے، آزاد، بین الاقوامی اور سماجی موضوعات پر مبنی فلمیں پیش کی جا رہی ہیں، فلموں کی نمائش ڈھاکہ اور کاکس بازار کے مختلف مقامات پر کی جائیگی جن میں بنگلہ دیش نیشنل میوزیم، شلپکلا اکیڈمی، الائنس فرانسیز، سٹامفورڈ یونیورسٹی اور لبنی بیچ شامل ہیں۔




