اسٹیٹ بینک نے الیکٹرک موٹرسائیکل، رکشے اور لوڈر فراہم کرنے کے لیے اسکیم متعارف کرادی، ای بائیکس کے لیے 2 لاکھ روپے، الیکٹرانک رکشے اور لوڈرزکے لیے 8 لاکھ 80 ہزار روپے قرض دیا جائے گا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق اسکیم کی گاڑیاں 2 مرحلوں میں فراہم کی جائیں گی، اسکیم کے تحت ایک لاکھ 16 ہزار الیکٹرانک بائیکس، 3170 رکشے اور لوڈرز فراہم کیے جائیں گے پہلے مرحلے میں 40 ہزار ای بائیکس، ایک ہزار ای رکشے اور لوڈرز فراہم کیے جائیں گے جب کہ دوسرے مرحلے میں 76 ہزار ای بائیکس، 2171 ہزار رکشے اور لوڈرز دیے جائیں گے۔ 25 فیصد ای بائیکس خواتین کو فراہم کی جائیں گی، 10فیصد ای بائیکس کاروبار کرنے والے افراد، کوریئرز کو فراہم ہوں گی جب کہ فلیٹ آپریٹرز کو 30 فیصد رکشے اور لوڈرز فراہم کیے جائیں گے۔
ای بائیکس قرض 2 سال اور ای رکشہ قرض 3 سال کے لیے ہوگا، قرض کی پرائسنگ اسلامی اور روایتی بینک، کائیبور پلس 2.75 فیصد پر ہوگی جب کہ صارف کو قرض صفر فیصد مارک پر ملے گا۔
