کراچی: سابق بیٹر باسط علی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کورٹ مارشل کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورٹ مارشل نہ کیا تو ہم اٹلی اور نیپال سے بھی ہاریں گے، ہمارے کھلاڑیوں میں دم ہے نہ ٹیلنٹ ہے، سب دکھاوے والی کرکٹ کھیلتے ہیں، ان لوگوں نے پاکستان کرکٹ کو تباہ کردیا۔
باسط علی نے محمد رضوان اور بابراعظم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بابر اور رضوان کوچز کی بات ہی نہیں سنتے، جو بھی کوچز کہہ رہے ہوتے ہیں یہ صرف اسے سننے کی اداکاری کرتے ہیں۔
ان دونوں کھلاڑیوں کو انضمام الحق، محمد یوسف یا یونس خان جیسے کسی نیند سے جگانے والے کی ضرورت ہے مگر یہ جانتے ہیں کہ ایسا کرنے والا کوئی نہیں اور نہ ہی وہ کسی کو ایسا کرنے دیتے ہیں، بابراعظم کو اپنی انا کو ایک طرف رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں اب تک اپنے کیریئر کے ابتدائی دنوں کی کارکردگی پر جی رہے ہیں، اب ان سے صرف ایڈورٹائزمنٹ کروالیں، جنہیں کوئی محلے کی ٹیم کا کوچ نہ بنائے انہیں پاکستان ٹیم کا کوچ بنادیا۔
