چین کے دارالحکومت بیجنگ میں واقع پیلس عجائب گھرکے ہال آف سپریم ہارمونی (تائی حہ دیان) کا منظر، اس سال محل کے قیام کی 100 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے-(شِنہوا)
برلن(شِنہوا)جرمنی کے وسطی شہر گوٹھا کے ڈوکل عجائب گھر کی نگران فریڈن سٹین فاؤنڈیشن نے بتایا ہے کہ ڈوکل عجائب گھر چینی ثقافتی اداروں کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید مضبوط کرے گا۔
فاؤنڈیشن کے مطابق اس وقت بیجنگ کے پیلس عجائب گھر کے فن پاروں پر مبنی ایک نمائش کے انعقاد کے لئے بات چیت جاری ہے، جو 2027 میں گوٹھا میں منعقد کی جائے گی۔ اس کے بعد 2028 میں بیجنگ میں گوٹھا کے تاریخی نوادرات پر مشتمل ایک جوابی نمائش کے انعقاد کا بھی امکان ہے۔
یہ مجوزہ تعاون گوٹھا کے اس جاری اشتراک پر مبنی ہے جو وہ چین کے شمال مغربی صوبے شانشی میں واقع شی آن چھو جیانگ فنون لطیفہ کے عجائب گھر کے ساتھ کر رہا ہے۔ ان دونوں اداروں کی مشترکہ نمائش "چین کا سونا اور گوٹھا کے خزانے، ایک منفرد تقریب” فی الحال ڈوکل عجائب گھر میں جاری ہے جو جنوری 2026 تک جاری رہے گی۔

چین کے شمال مغربی صوبے شانشی کے شہر شی آن کے چھو جیانگ نئے ضلع کا ایک خوبصورت منظر۔(شِنہوا)
دونوں اداروں کے درمیان تعاون کے معاہدے کے تحت گوٹھا کے مجموعے سے منتخب شاہکار آئندہ سال شی آن منتقل کئے جائیں گے، جہاں ایک جوابی نمائش منعقد ہوگی۔ اس نمائش میں ان قیمتی نوادرات کو پیش کیا جائے گا جو ماضی میں گوٹھا کے ڈوکس کی ملکیت تھیں۔
10 اکتوبر 1925 کو قائم ہونے والا پیلس عجائب گھر، فاربڈن سٹی کے احاطے میں بنایا گیا جو ماضی میں منگ (1368-1644) اور چھنگ (1644-1911) دور کے شاہی محلات تھے۔ یہ عجائب گھر اسی سال عوام کے لئے پہلی مرتبہ کھولا گیا، جہاں شاہی فن پاروں کا نایاب خزانہ نمائش کے لئے پیش کیا گیا۔




