کرغزستان کے وزراء کی کابینہ کے نائب چیئرمین ایدل بیسالوف چین میں دل کے کامیاب آپریشن کے بعد واپس آنے والے کرغز بچوں کےاعزاز میں بشکیک میں منعقدہ تقریب میں شریک ہیں۔(شِنہوا)
بشکیک(شِنہوا)کرغزستان کے وزراء کی کابینہ کے نائب چیئرمین ایدل بیسالوف نے کہا ہے کہ چین کےتجویز کردہ عالمی نظم ونسق اقدام (جی جی آئی) کے اصول اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں اور کرغز۔چین تعاون کو مضبوط کرنے کے اہداف سے مطابقت رکھتے ہیں۔
ان اصولوں میں خودمختار مساوات، بین الاقوامی قانون کا احترام، کثیرالجہتی کا فروغ، عوام پر توجہ مرکوز کرنے والا نکتہ نظر اور عملی پالیسیاں شامل ہیں۔
کرغزستان میں چینی سفارت خانے، جمہوریہ کرغزستان کی صدارتی انتظامیہ اور کرغز نیشنل یونیورسٹی نے دارالحکومت بشکیک میں چین کے تجویز کردہ جی جی آئی پر ایک سیمینار کا مشترکہ انعقاد کیا، جس میں چینی سفارت خانے کے حکام اور کرغزستان کے سیاسی اور تعلیمی شعبوں کے نمائندوں سمیت 100 سے زیادہ افراد نے شرکت کی۔
ایدل بیسالوف نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ جی جی آئی ایک زیادہ منصفانہ اور مساوی عالمی نظم ونسق قائم کرنے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کرغزستان اس اقدام کی حمایت کرتا ہے اور پراعتماد ہے کہ یہ عالمی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا اور ایک منصفانہ عالمی نظام کے قیام کو فروغ دے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین کےساتھ تعاون کرغزستان کی خارجہ پالیسی کی ترجیح ہے، دوستی، اچھی ہمسائیگی اور باہمی اعتماد پر مبنی ہمارے دو طرفہ تعلقات ہر گزرتے سال کے ساتھ مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔
کرغز پارلیمان کی رکن کریم خانجیزا کا کہنا تھا کہ جی جی آئی، جس کامقصد انسانیت کے لئے مشترکہ برادری کی تعمیر ہے، بین الاقوامی تعلقات کے منصفانہ نظام کی راہ ہموار کرتا ہے۔ اس کی کرغزستان کے لئے تزویراتی اہمیت ہے اور یہ کرغزستان کو بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے طریقہ کار کےتحت معاشی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے مواقع سے فائدہ اٹھانےکا موقع فراہم کرتا ہے۔
کرغزستان میں چین کے سفیر لیو جیانگ پھنگ نے جی جی آئی کے مفصل مواد، موجودہ حالات سےمطابقت اور اس کی عالمی اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام چینی حل پرمشتمل ہے اور عالمی نظم ونسق کی بہتری کے لئے چینی دانش پیش کرتا ہے، جو ایک ذمہ دار ملک کے طور پر چین کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
