بالی ووڈ کے معروف اداکار شاہد کپور کی نئی فلم او رومیو اپنی ریلیز سے پہلے ہی قانونی مشکلات کا شکار ہوگئی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم کیخلاف ایک ایسے شخص کی بیٹی کی جانب سے فلمسازوں کو قانونی نوٹس بھیجا گیا ہے جسے فلم کی کہانی کا ممکنہ حقیقی کردار قرار دے رہے ہیں، حسین استرا کی بیٹی سنوبر شیخ نے پروڈیوسرز کو قانونی نوٹس ارسال کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ فلم میں انکے والد کی منفی تصویر کشی کی جاسکتی ہے، انہوں نے اس بنیاد پر 2کروڑ روپے ہرجانہ اور 7دن کے اندر رقم ادا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق نوٹس گزشتہ ہفتے ناڈیاد والا گرینڈسن انٹرٹینمنٹ کے پروڈیوسر ساجد ناڈیاد والا اور ہدایتکار وشال بھردواج کو بھیجا گیا ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ او رومی میں حسین استرا کو ممکنہ طور پر منفی انداز میں دکھایا گیا ہے جس سے خاندان کی ساکھ متاثر ہوسکتی ہے۔
ذرائع کے مطابق سنوبر شیخ نے یہ بھی مطالبہ کیا ہے کہ جب تک انکے تحفظات دور نہیں کئے جاتے، فلم کی ریلیز کو روکا یا منسوخ کیا جائے۔




