فلسطینی شہری غزہ شہر کے مغرب میں الشفا ہسپتال کے سامنے صحافیوں کے خیمے پر اسرائیلی بمباری سے ہونےوالی تباہی کا جائزہ لے رہے ہیں۔(شِنہوا)
جنیوا(شِنہوا)اقوام متحدہ (یو این) نے غزہ شہر پر اسرائیلی فضائی حملے میں 6فلسطینی صحافیوں کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اسےبین الاقوامی انسانی قانون کی سنگین خلاف ورزی قرار دیاہے۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفترنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو صحافیوں سمیت تمام شہریوں کا احترام اور تحفظ یقینی بنانا چاہیے۔ دفتر نے غزہ میں تمام صحافیوں کے لئے فوری، محفوظ اور بغیر رکاوٹ رسائی پر بھی زور دیا ہے۔
انسانی حقوق کے دفتر کے مطابق 7 اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں کم از کم 242 فلسطینی صحافی شہید ہو چکے ہیں۔
الجزیرہ میڈیا نیٹ ورک نے بھی اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ الشفا ہسپتال کے سامنے صحافیوں کے خیمے پر کئے گئے اسرائیلی فضائی حملے میں ان کے 5 نمائندے شہید ہوگئے ہیں۔
الجزیرہ میڈیا نیٹ ورک نے غزہ شہر میں الشفاہسپتال کے سامنے صحافیوں کے خیمے پر اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں اپنے 5 نمائندوں کو شہید کئے جانے کی شدید مذمت کی۔ غزہ کی سول ڈیفنس اتھارٹی اور ہسپتال کے حکام کے مطابق اس حملے میں زخمی ہونے والا ایک فری لانس صحافی بھی دم توڑ گیا ہے جس سے جاں بحق ہونےوالوں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔
