پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ رحمہ زمان کی شادی کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو چکا ہے۔
اداکارہ نے گزشتہ روز انسٹاگرام پر اپنی ہلدی اور ڈھولکی کی خوبصورت تصاویر شیئر کیں جو مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گئیں، منت مراد، محشر، میرے سپنے، بیرخی، میرے بن جا اور شطرنج جیسے مقبول ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ رحمہ زمان نے 2024 میں نکاح کیا تھا اور اب جلد رخصت ہونیوالی ہیں۔
انکا نکاح برطانیہ میں مقیم ایک نیورو سرجن سے ہوا تھا جبکہ شادی کی سادہ مگر پروقار تقریب قریبی دوستوں اور اہلِ خانہ کی موجودگی میں منعقد کی گئی، ہلدی کی تقریب میں اداکارہ نے گلابی اور فیروزی کشیدہ کاری والی لمبی قمیص کیساتھ سادہ فلیپر زیب تن کیا، سادہ پونی ٹیل اور پھولوں کے حسین زیورات نے انکے انداز کو مزید نکھار دیا، تصاویر میں وہ اپنے والدین اور چھوٹے بھائی کے ساتھ خوشگوار موڈ میں نظر آئیں۔
ڈھولکی کی تقریب میں رحمہ زمان دھانی رنگ کے دیدہ زیب لباس میں جلوہ گر ہوئیں جس پر مکمل دبکہ کڑھائی کی گئی تھی، مداحوں کی جانب سے اداکارہ کو شادی کی مبارکبادیں دینے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔




