بھارتی شہر ممبئی میں ہونے والے کنسرٹ کے دوران 24 لاکھ روپے سے زائد مالیت کے 73 موبائل فون چوری ہو گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ممبئی میں عالمی شہرت یافتہ ہسپانوی پاپ گلوکار اینریک ایگلیسیاس کا کنسرٹ ہوا جس میں 25 ہزار افراد نے شرکت کی۔ کنسرٹ کا کم سے کم ٹکٹ 7 ہزار بھارتی روپے تھا۔
بھارتی پولیس کا کہنا ہے کہ باندرہ کرلا کمپلیکس کے گراؤنڈ میں ہونے والے اس کنسرٹ میں موبائل چوری کے واقعات پر 7 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔ چوری کی شکایت درج کروانے والوں میں ایک میک اپ آرٹسٹ، ہوٹل مالک، طلبہ، ایک صحافی اور کچھ کاروباری افراد شامل ہیں۔
اینریک نے ممبئی میں اپنے پہلے لائیو پرفارمنس میں تقریباً 90 منٹ تک جاری شو میں 25 ہزار سے زائد مداحوں کو محظوظ کیا۔ بالی وڈ اداکاروں سمیت اہم شخصیات بھی کنسرٹ میں موجود تھیں۔




