تہران : ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے حماس سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد قابضین کو بزدلانہ اقدام پر پچھتانے پر مجبور کر دیں گے ۔ایرانی سرکاری میڈیا کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نو منتخب ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے تہران میں حماس سربراہ اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنے دکھوں اور خوشیوں میں شریک، مزاحمت کی راہ کے مستقل اور قابل فخر ساتھی فلسطینی مزاحمت کے بہادر رہنمائ، القدس کے شہید اسماعیل ہانیہ کی شہادت کا کا ماتم کر رہا ہے، کل میں نے اس فاتح رہنماء کا ہاتھ اٹھایا تھا اور آج مجھے انہیں اپنے کندھوں پر دفن کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہادت خدا کے بندوں کا فن ہے، ایران اور فلسطین کی دو قابل فخر اقوام کا رشتہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو گا اور مزاحمت اور مظلوموں کے دفاع کا راستہ پہلے سے زیادہ مضبوط ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ تہران اپنی علاقائی سالمیت اور وقار کا دفاع کرے گا،دہشت گرد قابابضین کو اپنے بزدلانہ اقدام پر پچھتانے پر مجبور کر دیں گے۔
دوسری جانب ترجمان ایرانی وزارت خارجہ ناصر کنانی نے اسماعیل ہانیہ کی شہادت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کا خون کبھی رائیگاں نہیں جائے گا ،تہران میں اسماعیل ہانیہ کی شہادت تہران، فلسطین اور مزاحمت کے درمیان گہرے اور اٹوٹ بندھن کو مضبوط کرے گی۔