کٹھمنڈو (شِنہوا) چین اور نیپال کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 70ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں نیپال کےشہر کٹھمنڈو میں ہفتہ چینی ثقافت کا آغاز ہوا۔
افتتاحی تقریب کٹھمنڈویونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ (سی آئی کے یو) اور تری بھون یونیورسٹی کے کنفیوشس انسٹیٹیوٹ (سی آئی ٹی یو) کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔
کٹھمنڈو یونیورسٹی کے رجسٹرار راجیو شریسٹھا نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چین اور نیپال کے درمیان سفارتی تعلقات کو 70 سال ہو چکے ہیں جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تبادلے اور دوستی کا سفر ان سات دہائیوں سے کہیں زیادہ پرانا ہے۔
سی آئی کے یو کے چینی ڈائریکٹر لی شوانگ چھنگ نے کہا کہ ثقافتی تبادلے کی سرگرمیاں عوام کے درمیان باہمی سمجھ بوجھ اور دوستی کو فروغ دینے کا ایک اہم ذریعہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام نیپالی عوام کو چینی ثقافت کے ورثے اور منفرد دلکشی کو عملی طور پر محسوس کرنے کا موقع فراہم کرے گا جس سے چین اور نیپال کے درمیان دیرینہ دوستی مزید مضبوط ہوگی۔
ہفتہ ثقافت کے دوران دونوں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کی جانب سے چینی ثقافت سے متعلق سرگرمیوں کا ایک سلسلہ منعقد کیا جائے گا جن میں چینی گانے، مصوری، خطاطی، شاعری ، مارشل آرٹس، چینی کھانے، ثقافتی نمائشیں اور چینی زبان کے مقابلے شامل ہیں۔




