پولینڈ کے وارسا میں ولانو پیلس میں منعقدہ ولانو رائل گارڈن آف لائٹ شو میں ایک روشنی کے مجسمہ کو دیکھا جا سکتا ہے۔(شِنہوا)
وارسا (شِنہوا) پولینڈ کے دارالحکومت میں نیا چینی سال منانے کے لئےایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں 100 سے زائد مہمانوں کو چینی روایات اور ثقافت سے محظوظ ہونے کا موقع ملا۔
"نیا چینی سال ہمیں جوڑتا ہے”کے عنوان سے یہ تقریب وارسا کے ایشیا اینڈ پیسیفک میوزیم میں منعقد کی گئی۔ پولینڈ میں چینی سفیر سن لین جیانگ نے چینی اور پولش دوستوں کوایک ساتھ سانپ کا سال مناتے دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ چینی ثقافت میں سانپ روحانیت، حکمت اور توانائی کی علامت ہے جو حصول، خوش قسمتی اور خوشحالی کی نمائندگی کرتا ہے۔
انہوں نے اس یقین کا اظہار کیاکہ چین اور پولینڈ کے تعلقات نئے قمری سال میں مزید ترقی کریں گے۔
تقریب کے دوران چینی اور پولش دانشوروں نے نئے چینی سال سے جڑی کہانیوں اور روایات کو واضح طور پر بیان کیا،اس میں چھوٹے نئے سال (شیاؤنیان) سے لے کر چینی نئے سال اور لالٹین میلے تک کی رسومات شامل تھیں۔ مہمانوں کو چینی برج، نیان درندے کی کہانی اور دیگر علامتی روایات سے بھی روشناس کرایا گیا۔
شرکاء نے چینی کاغذ کی کٹائی، چینی مٹی کے برتن اور دیگر روایتی دستکاریوں کی نمائش کو دیکھا اور اس کے ساتھ ہی رقص، موسیقی اور مارشل آرٹس کے مظاہروں کا بھی لطف اٹھایا۔
روایتی چینی کھانوں کا ایک انتخاب بھی موسم بہار میلے کی تقریبات کی ایک اضافی پیشکش تھی۔
