ڈی آئی خان: ضلع کرم میں زمین تنازع پر جاری قبائلی جھڑپوں میں مزید 8 افراد جاں بحق ،11 زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے علاقے ضلع کرم میں زمین تنازع پر دو قبائل کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں مزید 8 افراد جاں بحق جبکہ 11 زخمی ہوگئے جس کے بعد 6 روز سے جاری جھڑپوں میں جاں بحق ہونیوالوں کی تعداد 44 جبکہ زخمیوں کی تعداد177 ہوگئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق کرم میں رات گئے بالیچ خیل، خار کلی سنگینہ پیواڑ، تری منگل زیڑان، خومسہ مقبل اور کنج رلیزای میں شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا ،فریقین نے ایک دوسرے پربھاری و خود کار اسلحے کا استعمال کیا۔جھڑپوں کے باعث پاراچنار میں تمام شاہرائیں ہر قسم کی آمد و رفت کیلئے بند ہونے سے اشیاء خوردونوش اور ادویات کی قلت پیدا ہوگئی ہے ۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر کرم جاوید محسود نے کہا ہے کہ کرم میں سیز فائر کیلئے ہنگو اور اور کزئی سے آیا گرینڈ جرگہ، کمشنر کوہاٹ ، آئی جی خیبرپختونخوا ، ضلعی انتظامیہ ، پولیس ، عسکری قیادت اور قبائلی عمائدین جنگ بندی کیلئے کوششیں کر رہے ہیں۔