مردان: وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ امن وامان کا قیام ترجیح ہے، دہشت گردی بہت سے اضلاع سے نکال کر محدود کر دی ہے، معاشی حالات جیسے بھی ہوں پولیس سے تعاون جاری رہے گا، جاری پراجیکٹس کی تکمیل کے بعد نئے پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، پولیو ورکرز، پولیس، اساتذہ کے شہداء کو پلاٹ دیں گے،ہمیں اپنے اندر برداشت پیدا کرنی ہوگی،قانون کی پابندی آئین کے مطابق سب کا فرض ہے۔
تفصیلات کے مطابق مردان میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پولیس شہداء اورغازیوں کوسلام پیش کرتے ہیں ،صوبے میں دہشتگردی کے چیلنج کا سامنا ہے، دہشتگردی بہت سے اضلاع سے نکال کرمحدود کردی گئی ہے،امن وامان کا قیام ہماری ترجیح رہا ہے،آئی جی پولیس نے جب بھی ہم سے مدد مانگی ہم نے کی، معاشی حالات جیسے بھی ہوں پولیس سے تعاون جاری رہے گا،دہشت گردی کے باوجود پولیس کے جوان بہترین کام کررہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شہدا کے پیکیج کے حوالے سے معاملات اسمبلی میں پیش ہونیوالے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہت سارے پراجیکٹ ہماری حکومت میں شروع ہوئے مگر تاخیر کی وجہ سے مکمل نہ ہوسکے ، فیصلہ کیا ہے پہلے تمام جاری پراجیکٹس کو مکمل کیا جائے گا پھر نئے پراجیکٹ شروع کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ 600پراجیکٹس پرفوکس ہے انہیں پہلے مکمل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ حکومتی لیول پرہاؤسنگ سکیم بنارہے ہیں، پولیو ورکرز، پولیس، اساتذہ کے شہداء کو پلاٹ دیں گے، ہمارے صوبے کا کلچر ہے پیار سے مانگو تو جان بھی دیتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے اندر برداشت پیدا کرنی ہوگی،اگر کوئی پولیس والا تلاشی لیتا ہے تو وہ آپ کیلئے لے رہا ہے، پولیس میں ہمارا یا آپ کا بھائی ہے، ٹریفک پولیس سے درخواست ہے غریب کا چالان مت کریں،پالیسی بنائیں گے گاڑی کی قیمت، ماڈل کے حساب سے چالان کیا جائے،جس کی جتنی بڑی،مہنگی گاڑی ہوگی اس حساب سے چالان ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس روڈ بڑے ہیں لیکن قانون پر عمل نہ کرنے سے ٹریفک نظام خراب رہتا ہے، قانون کی پابندی آئین کے مطابق سب کا فرض ہے ۔