بورے والا(شاہد ندیم)منشیات کے عالمی دن کے موقع پر بورے والا میں ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں تمام مکتبہ ہائے فکر کے لوگوں نے شرکت کی ،کنونیئر سول سوسائٹی نیٹ ورک شیخ شاہ رخ نے زور دیا کہ منشیات لعنت کے خاتمے کیلئے والدین اور سوسائٹی کردار ادا کریںجبکہ ایس ایچ او ماڈل ٹاؤن مظہر فرید نے بتایا کہ پولیس تعلیمی اداروں، پبلک مقامات سے منشیات خاتمے کیلئے عوام میں آگاہی پیدا کررہی ہے،6 ماہ میں 171 ڈرگ ڈیلرز کیخلاف کارروائی کر کے کروڑوں روپے مالیت کی 90 کلو منشیات برآمد کی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق منشیات کے عالمی دن کے موقع پر بورے والا میں بھی سول سوسائٹی، اینٹی نارکوٹکس فورس، پولیس،طلباء و دیگر نمائندہ شہریوں نے ریلی کا انعقاد کیا۔
ریلی میں سول سوسائٹی نیٹ ورک کے کوارڈنیٹر شیخ شاہ رخ خان، سید زاہد حسین مشہدی، اینٹی نارکوٹکس فورس پنجاب کی پارٹنرتنظیم ایس ڈبلیو سی ڈی ایس کے صدر محمد شیر خاں کھچی، سابق کونسلر یونس الٰہی طور، پرنسپل اسپائر کالج ڈاکٹر محمد جہانگیر خاں اور دیگر نمائندہ شخصیات نے شرکت کی،شرکاء نے ہاتھ میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کنونیئر سول سوسائٹی نیٹ ورک شیخ شاہ رخ خان نے کہا کہ منشیات واقعی ایک لعنت ہے جس کے خاتمہ کیلئے ناصرف ریاست پاکستان بلکہ والدین اور سوسائٹی کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔
ایس ایچ او تھانہ ماڈل ٹاؤن مظہر فرید گوندل نے کہا کہ آئی جی پنجاب کے ویژن کے مطابق ڈی پی او وہاڑی اور ڈی ایس پی بورے والا کی قیادت میں پولیس منشیات کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے ڈرگ ڈیلرز کے خلاف کارروائیاں کررہی ہے ۔
انہوں نے بتایا کہ چھ ماہ کے دوران سرکل بورے والا میں 171ڈرگ ڈیلرز کیخلاف مقدمات درج کر کے ان سے ناصرف کروڑوں روپے مالیت کی 90کلو سے زائد منشیات برآمد کی گئی بلکہ 25ہزار لیٹر سے زائد شراب برآمد کرکے مکروہ دھندہ میں ملوث معاشرے کے ناسوروں کو جیلوں میں بھی ڈالا گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس تعلیمی اداروں، پبلک مقامات اور شہر میں منشیات کے خاتمہ کیلئے عوام میں آگاہی پیدا کررہی ہے ہمارا مشن ہے کہ ہم آئندہ آنے والی نسلوں کومنشیات کی لعنت سے چھٹکارا دلائیں گے ۔