ریاض: چائنہ ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن نے اعلان کیا کہ اس نے سعودی عرب کے شہر مکہ المکرمہ میں المشاعر المقدسہ میٹرو لائن کا حج آپریشن 2024 مکمل کرلیا ہے۔
کمپنی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق 7 ایام میں 2 ہزار 206 ٹرینوں کی آمد ورفت ہوئی جس سے تقریبا 20 لاکھ 94 ہزار مسافروں کو سفری سہولت ملی۔
المشاعرالمقدسہ میٹرو لائن سال میں صرف 7 دن چلتی ہے اور دوران حج رش کم کرنے کے لئے مکہ المکرمہ میں مقدس مقامات کے درمیان حاجیوں کو شٹل سروس فراہم کرتی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چائنہ ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن کی جانب سے حج آپریشن کامیابی سے مکمل کرنے کا یہ 10 واں سال ہے۔
چائنہ ریلوے کنسٹرکشن کارپوریشن کے مطابق المشاعر المقدسہ کا آغاز 2010 میں ہوا تھا یہ میٹرو لائن نہ صرف سعودی عرب بلکہ مشرق وسطیٰ میں کسی چینی کمپنی کی تعمیر کردہ پہلی لائٹ ریل ہے۔
میٹرو لائن کے پروجیکٹ منیجر ژانگ لونگ نے کہا کہ ایک دہائی سے زائد عرصہ قبل یہ جگہ ایک صحرا تھی لیکن اب ہم نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو ایک آسان حج راستہ مہیا کردیا ہے، یہ منصوبہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت اعلیٰ معیار کی مشترکہ تعمیر میں چینی کاروباری اداروں کے عزم کا ثبوت بھی ہے۔
سعودی وزارت صحت نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ حجاج کرام کی قابل ذکر تعداد اور بلند درجہ حرارت کے سبب درپیش چیلنجز کے باوجود رواں حج سیزن میں بیماری یا صحت عامہ کو لاحق دیگر خطرات کا پھیلاؤ نہیں ہوا۔
وزیر صحت فہد بن عبدالرحمٰن الجلاجل نے بتایا کہ مرکزی حج کمیٹی نے سفارش کی تھی عازمین حج زیادہ درجہ حرارت کے دوران مناسک حج کی ادائیگی سے گریز کریں اس سے عازمین حج کی صحت کے تحفظ اور گرمی سے ہونے والے نقصانات کو کم کرنے میں مدد ملی۔