لکسمبرگ: چین کے نائب وزیر اعظم ڈنگ شیوشیانگ اور لکسمبرگ کے نائب وزیر اعظم زیویئر بیٹل نے بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے (بی آر آئی) کے تحت تعاون کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
دونوں ممالک کے نائب وزراعظم نے دوسرے ژینگ ژو-لکسمبرگ "ایئر سلک روڈ” فورم برائے بین الاقوامی تعاون میں شرکت کی۔
اس موقع پراظہار خیال کرتے ہوئے ڈنگ نے کہا کہ جون 2017 میں، صدر شی جن پھنگ نے چینی شہر ژینگ ژو اورلکسمبرگ کے درمیان "ایئر سلک روڈ” کے قیام کی تجویز پیش کی تھی۔ اکتوبر 2023 میں تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی تعاون کے چیئرمین نے دوسرے ژینگ ژو-لکسمبرگ "ایئر سلک روڈ” بین الاقوامی تعاون فورم کےانعقاد کا اعلان کیا تھا۔
چین کے نائب وزیر اعظم نے کہا کہ یہ فورم دونوں ممالک کے رہنماؤں کی طرف سے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کومضبوط کرنے کے لیے طے پانے والے اتفاق رائے کو عملی جامہ پہنانے کی جانب ایک عملی اقدام ہے۔
ڈنگ نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران دونوں ممالک نے شاہراہ ریشم کے جذبے کو برقراررکھتے ہوئے "ایئر سلک روڈ” کی تعمیر میں قابل ذکر کامیابی حاصل کی اور رابطے کا ایک فضائی پل قائم کرتے ہوئے اسے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کا ایک تاریخی منصوبہ بنایا ہے۔