جہلم: چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ حکومت نے تحفظات دور کردیئے، (ن) لیگ ، پیپلز پارٹی میں صلح ہوگئی ہے، پی پی دھمکی دینے والی جماعت نہیں، معاشی صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے حکومت کی مدد کررہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پیر پشاوری کے سالانہ عرس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ میڈیا والے پیچھے رہ گئے ہیں، خبر نہیں بنا سکے، (ن) لیگ نے ہمارے تحفظات دور کر دیئے ہیں، دونوں جماعتوں میں صلح ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی پی دھمکی دینے والی جماعت نہیں ہے، ہم حکومت کا حصہ نہیں ، ان کی مدد کر رہے ہیں، ہم معاشی صورت حال کنٹرول کرنے کیلئے کردار ادا کر رہے ہیں تاکہ حکومت مضبوط ہو۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں دہشتگردی کے خاتمے کیلئے آپریشن کے اقدامات کو سراہا گیا تھا، اس وقت متاثر ہونے والے 20 لاکھ لوگ آج بھی کیمپوں میں موجود ہیں ، ہم چاہتے ہیں کہ ماحول بہتر ہو اور وہ اپنے گھروں میں جائیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے کچھ لوگ وفاقی حکومت کو دھمکیاں دیتے ہیں اس پر تبصرہ نہیں کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو صرف عوام کی بات کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ بجٹ عوام دوست ہو تاکہ عوام کو مشکلات سے نجات مل سکے۔