جمعرات, جنوری 16, 2025
تازہ ترینسی ٹی ڈی کی کارروائی، کراچی پولیس آفس پر حملے کا ماسٹر...

سی ٹی ڈی کی کارروائی، کراچی پولیس آفس پر حملے کا ماسٹر مائنڈ ٹی ٹی پی دہشت گرد ہلاک

کراچی: سی ٹی ڈی سے فائرنگ تبادلے میں کراچی پولیس دفتر پر حملے کا ماسٹر مائنڈٹی ٹی پی دہشت گرد ہلاک ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی سول لائن ٹیم نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب موچکو تھانے کی حدود ناردرن بائی پاس حنفیہ مسجد کے قریب دہشت گردوں کی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کی، اس دوران کسی کے انتظار میں کھڑے دہشت گرد نے پولیس پارٹی کو دیکھ کر فائرنگ شروع کردی جس پر جوابی کارروائی میں وہ زخمی ہو کر گر گیا،دہشت گرد کی فائرنگ سے ایک پولیس جوان کو گولی لگی تاہم بلٹ پروف جیکٹ پہننے سے وہ محفوظ رہا۔

پولیس کے مطابق زخمی دہشت گرد کو گرفتار کر کے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ زیادہ خون بہہ جانے کے باعث وہ  راستے میں ہی دم توڑ گیا، پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کی لاش سول ہسپتال منتقل کردی گئی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈی آئی جی سی ٹی ڈی آصف اعجاز دیگر افسران کے ہمراہ سول ہسپتال پہنچ گئے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈی آئی جی سی ٹی ڈی آصف اعجاز نے بتایا کہ ہلاک مبینہ دہشت گرد کی شناخت 35سالہ عمرفاروق عرف فرید اللہ عرف ڈاکٹر ولد شہروز خان کے نام سے ہوئی ہے جس کا تعلق ٹی ٹی پی سے تھا، ہلاک دہشت گرد انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے کراچی پولیس آفس حملہ کیس میں مفرور اور ماسٹر مانڈ تھا، ہلاک دہشت گرد عباس ٹاون بم بلاسٹ کا بھی مرکزی ملزم تھا۔

جاری تفصیلات کے مطابق ہلاک دہشت گرد کیخلاف 2013ء سے 2014ء تک مبینہ ٹاون، سچل، سی ٹی ڈی، اتحاد ٹاؤن، سرجانی ٹاؤن اور گلشن معمار میں 10مقدمات درج کئے گئے اور وہ گرفتار ہو کر جیل گیا تاہم بری ہونے پر افغانستان چلا گیا تھا ، رپورٹ کے مطابق ہلاک دہشت گرد شہر میں دہشت گرد کارروائیوں کیلئے اپنا نیٹ ورک منظم کر رہا تھا۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں