لاہور: سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی پر پابندی لگا کر نواز، زرداری کسی کو منہ ددکھانے کے قابل نہیں رہیں گے ،ڈیجیٹل دہشتگردی پی ٹی آئی کی طرف سے نہیں ،بیرون ملک سے ہو رہی ہے، ملکی معیشت تباہ، آنیوالے دنوں میں لوگ چیخیں گے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا کہ اے ٹی سی کے جج پر عدم اعتماد ہے، دنیا پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں دیکھ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو 14 ماہ سے جیل میں رکھنے سے کیا فرق پڑا؟، بلے کا نشان چھین کر کیسے کیسے نشانات دیئے گئے پھر بھی لوگوں نے ووٹ دیا۔
انہوں نے رؤف حسن اور احمد وقاص کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ جسے ڈیجیٹل دہشتگردی کہہ رہے ہیں یہ پی ٹی آئی کی طرف سے نہیں ،بیرون ملک سے ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کابینہ میٹنگ میں پی ٹی آئی پر پابندی کا کام کیا جا رہا ہے، پی ٹی آئی پر پابندی سے نواز شریف اور زرداری تاریخ کی سب سے بڑی غلطی کرنے جا رہے ہیں، یہ اس غلطی کے بعد کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ آپ نہ سپریم کورٹ کو مان رہے ہیں نہ ہی کسی قانون کو۔ انہوں نے کہا کہ یہ عدالت اور عوام کیساتھ لڑ رہے ہیں جبکہ معیشت تباہ ہے، ابھی شروعات ہے آنیوالے دنوں میں لوگ چیخیں گے۔انہوں نے کہا کہ ٹی ٹی پی سمیت دیگر جماعتوں کی کسی صورت حوصلہ افزائی نہیں ہونی چاہئے۔