اسلام آباد : اسلام آباد ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کا انتخابی ٹریبونل تبدیلی کا آرڈر معطل کر تے ہوئے معافی مانگنے کے باوجود انجم عقیل کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیف جسٹس عامر فاروق نے الیکشن ٹریبونل تبدیلی کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ آپ اس آرڈیننس کا کیسے دفاع کریں گے؟ کون سا آسمان گرنے لگا تھا کہ قائم مقام صدر سے راتوں رات آرڈیننس جاری کروا دیا، پارلیمنٹ کو ختم کردیتے ہیں اور آرڈیننس کے ذریعے حکومت چلواتے ہیں ، آپ لوگوں نے آرڈیننس کی فیکٹری لگا رکھی ہے، ایک واہ فیکٹری ہے اور دوسری آرڈیننس فیکٹری ، وہ اسلحہ بناتے ہیں آپ آرڈیننس بناتے ہیں ، الیکشن کمیشن کو جج کیخلاف کیا تعصب نظر آیا ؟۔عدالت نے انجم عقیل سے استفسار کیا آپ نے الیکشن کمیشن کو ٹربیونل تبدیلی کی درخواست دی تھی؟ مجھے سمجھا دیں یہ کیا لکھا ہوا ہے ، ان الفاظ کا مطلب کیا ہے، تعصب کیا ہوتا ہے یہ ہی بتا دیں؟۔انجم عقیل خان نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ میں تسلیم کرتا ہوں میری انگریزی کمزور ہے، یہ لیگل زبان ہے میں نے دستخط کئے ہیں، ججز ہمارے لئے قابل احترام ہیں، یہ میری غلطی ہے بغیر پڑھے دستخط کئے ، ان الفاظ پر معافی مانگتا ہوں، کیس ٹرانسفر کروانے کیلئے درخواست دی تھی۔
عدالت نے پوچھا کہ کیا وہ آپ کی سفارش نہیں مان رہے تھے اس لئے تبدیل کروانا چاہتے تھے؟،انجم عقیل خان نے جواب دیا کہ میں نے سفارش نہیںکی ۔چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کی درخواستوں کا متن ہے کہ جج متعصب ہے، ہم بھی یہاں بیٹھے ہیں یہ سب کیوں کیا؟ آپ پارلیمنٹرین ہیں آپ نے قانون سازی کرنی ہوتی ہے، آپ نے جج پر کیوں الزام لگایا؟ یہ بتائیں جج کی تبدیلی کی درخواست کیوں دی؟ ،جج کا کیا تعصب تھا اتنا بتا دیں ؟پتہ نہیں بجٹ سیشن میں ووٹ دینے کیلئے آپ باہر ہونگے یا نہیں ، آپ کہہ رہے ہیں غلط آرڈر کیا تھا تو آپ سپریم کورٹ چلے جاتے ، آپ نے یہ زبان جان بوجھ کر استعمال کی ہے؟۔
انجم عقیل نے جواب دیا کہ جان بوجھ کر لفظ استعمال نہیں کیا ،چناؤ میں غلطی ہوگئی ہے۔بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کا ٹریبونل تبدیلی کا آرڈر معطل کرتے ہوئے جسٹس طارق محمود جہانگیری پر مشتمل ٹریبونل بحال کردیا اور معافی مانگنے کے باوجود انجم عقیل کو توہین عدالت کا شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی استفسار کے باوجود انجم عقیل درخواست میں استعمال کئے گئے الفاظ کی وضاحت نہ کرسکے۔
عدالت نے انجم عقیل کو ہر سماعت پر پیش ہونے کی ہدایت اور جاری نوٹس کا جواب جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کیس کی سماعت 9جولائی تک ملتوی کردی ۔