اسلام آباد : نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سفارتکاری کے شعبے میں خواتین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاریخ میں پاکستانی خواتین نے سفارتکاری کے میدان میں زبردست خدمات انجام دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر جاری ایک بیان میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سفارتکاری کے شعبے میں خواتین کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے لکھا کہ سفارتکاری میں خواتین کے عالمی دن پر ان کی خدمات اور شراکت پر خواتین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے بیگم رعنا لیاقت علی خان، شائستہ اکرام اللہ اور بے نظیر بھٹو کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ہماری پوری تاریخ میں پاکستانی خواتین نے سفارت کاری کے میدان میں زبردست خدمات انجام دی ہیں۔