کراچی : سہراب گوٹھ میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی میں 300 سے زائد وارداتوں میں ملوث افغان ڈکیٹ گروہ کے تین ملزمان گرفتار کرلئے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ میں رینجرز اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کے دوران 300 سے زائد وارداتوں میں ملوث افغان ڈکیت گروہ کے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان رینجرز سندھ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گرفتار ملزمان میں جان آغا، امید گل اور عبدالرحمن شامل ہیں جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق ملزمان نے وارداتوں کے دوران 3سے زائد شہریوں کو فائرنگ کرکے زخمی بھی کیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم جان آغا منظم گروہ کے سرغنہ کے طور پر اپنے گروپ کو آپریٹ کرتا تھا، ملزم نے ڈکیتوں کیلئے کئی بار درہ آدم خیل سے بذریعہ فیس بک اسلحہ منگوانے کا انکشاف کیا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ ملزم نے بتایا کہ کئی بار گرفتاری کے ڈر سے ایران میں روپو شی کیلئے چلا جاتا تھا اور کچھ عرصے بعد کراچی واپس آکر دوبارہ جرائم میں ملوث ہو جاتا تھا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم جان آغا اور اس کے ڈکیت ساتھی اس سے قبل بھی ڈکیتی کی متعد د وارداتوں میں گرفتار ہو کر جیل جاچکے ہیں۔ترجمان نے بتایا کہ ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔