چین کے جنوبی صوبہ گوانگ ڈونگ کے ژے جیانگ کی ایک فوجی بندرگاہ سے چینی پیپلز لبریشن آرمی نیوی کا جہاز روانہ ہورہا ہے۔(شِنہوا)
گوانگ ژو (شِنہوا) ایک چینی بحری بیڑہ حفاظتی مشن اور مشترکہ مشقیں مکمل کرنے کے بعد جمعہ کے روز چین کے جنوبی صوبے گوانگ ڈونگ کے ساحلی شہر ژان جیانگ کی فوجی بندرگاہ پر واپس پہنچ گیا۔
چینی پیپلز لبریشن آرمی نیوی کا 46واں بیڑہ 21 فروری 2024 کو ژان جیانگ سے روانہ ہوا تھا،اس نے 339 دنوں کے طویل سمندری سفر کے دوران 1لاکھ 60 ہزار سے زائد ناٹیکل میل کا سفر کیا اور خلیج عدن اور صومالیہ کے پانیوں میں جہازوں کی حفاظت کے مشن انجام دیئے۔
یہ بیڑہ گائیڈڈ میزائل تباہ کن جہاز جیاؤزو، میزائل فریگیٹ شوچھانگ اور جامع رسد فراہم کرنے والے جہاز ہانگ ہو پر مشتمل تھا، اس نے عالمی سمندری تجارتی راستوں کی سلامتی اور علاقائی امن و استحکام کی حفاظت کی۔
بیڑے نے نائجیریا میں ایک کثیرالملکی مشترکہ بحری مشق، روسی بحریہ کی 328ویں سالگرہ کی تقریبات اور جنوبی افریقہ میں ایک بین الاقوامی بحریہ کے حوالے سے میلے میں بھی شرکت کی۔ اس نے مصر کا دورہ کیا اور جنوبی افریقہ، مراکش اور سیچلز میں بھی تکنیکی قیام کیا۔
چین نے دسمبر 2008 میں خلیج عدن اور صومالیہ کے پانیوں میں جہازوں کے تحفظ کی کارروائیوں کے لئے بحری جہاز بھیجنے شروع کئے تھے۔
