چینی صدر شی جن پھنگ بیجنگ میں ایک تقریب سے خطاب کررہے ہیں-(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین نے بدھ کے روز ایک رہنما اصول جاری کیا ہے جس میں ملک کے آزمائشی آزاد تجارتی علاقوں اور آزاد تجارتی بندر گاہ میں مالیاتی وسعت کے لئے 20 اقدامات کا خاکہ پیش کیا گیا ہے۔
چین کے عوامی بینک، وزارت تجارت اور 3 دیگر حکومتی اداروں کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری کردہ رہنما اصول میں 6 شعبوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے جس کا مقصد چین کے مالیاتی شعبے کو بین الاقوامی معیار کے ساتھ بہتر طور پر ہم آہنگ کرنا اور اس شعبے کو ادارہ جاتی طور پر وسعت دینا ہے۔
اس دستاویز کے مطابق ملک میں دستیاب نئی مالیاتی خدمات فراہم والے غیر ملکی مالیاتی اداروں کو وہی سہولت دی جائے گی جو ان کے چینی ہم منصبوں کو دی جائے گی۔
دستاویز کے مطابق مالیاتی اداروں اور سرحد پار مالیاتی خدمات فراہم کرنے والوں کی جانب سے مالیاتی خدمات سے متعلق دائر کردہ درست درخواستوں پر 120 دن کے اندر کارروائی کی جائے گی۔
رہنما اصول میں کہا گیا ہے کہ چین مخصوص قسم کی سرحد پار مالیاتی خدمات کی خریداری میں بھی مدد کرےگا، غیر ملکی سرمایہ کاری سے متعلق اندرون ملک اور بیرون ملک فنڈز کی منتقلی میں سہولت فراہم کرےگا، مالی اعداد و شمار کے سرحد پار بہاؤ کے انتظامات کو بہتر اور اس شعبے کے قواعد کو مضبوط بنائےگا۔
ان اقدامات کا اطلاق شنگھائی، گوانگ ڈونگ، تھیانجن، فوجیان اور بیجنگ میں آزمائشی آزاد تجارتی زونز کے ساتھ ساتھ ہائی نان آزاد تجارتی بندرگاہ اور دیگر اہم کوآپریٹو پلیٹ فارمز میں کیا جائےگا۔
گزشتہ ماہ منعقدہ مرکزی معاشی کارکردگی کانفرنس میں چین کے پالیسی سازوں نے اعلیٰ معیار کو وسعت دینے اور غیر ملکی تجارت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو مستحکم رکھنے کی ضرورت پر زور دیا تھا۔
کانفرنس کے مطابق چین ادارہ جاتی وسعت میں مسلسل اضافہ کرےگا اور آزمائشی آزاد تجارتی علاقوں کے معیار اور کارکردگی کو بہتر بنائےگا۔
