لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا ہے کہ مریم نواز پر تنقید کرنیوالے مقابلہ کارکردگی سے کریں، خیالی پلاؤ ،فلسفے جھاڑنے میں پی ٹی آئی کا کوئی متبادل نہیں،11 سال سے خیبرپختونخوا کے عوام کو جھانسے دیئے جارہے، تعلیم ، صحت ، روزگار کبھی ترجیح نہیں رہی،ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ کرنے کی سازش کرنیوالوں کو نشان عبرت بنانا چاہئے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری نے کہا کہ مریم نواز کا مشن خوشحال ،روشن اور ترقی کرتا پنجاب ہے، ان کا مقابلہ کارکردگی سے کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی حکومت کی فکر کی بجائے پی ٹی آلی اپنی خیر منائے، خیالی پلاؤ ،فلسفے جھاڑنے میں پی ٹی آئی کا کوئی متبادل نہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام کو 11 سال سے سونامی، تبدیلی، نئے پاکستان کے نام پر جھانسے دیئے جا رہے ہیں، تعلیم، صحت، انفرا اسٹرکچر اور روزگار پی ٹی آئی کی کبھی ترجیح نہیں رہی۔
انہوں نے کہا کہ 9مئی والوں کیلئے پاکستان میں سیاست کی کوئی جگہ نہیں، شہدا کے مجسمے جلانے والے کس منہ سے خود کو محب وطن کہتے ہیں؟ حب الوطنی کا پہلا اور بنیادی فریضہ شہدا اور غازیوں کی عزت اور تکریم کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ کرنے کی سازش کرنے والوں کو نشان عبرت بنانا چاہئے، ملک پر جب برا وقت آیا(ن) لیگ نے فرنٹ لائن پر کردار ادا کیا۔انہوںنے کہا کہ آج بھی تمام تر مشکلات کے باوجود ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں۔