اسلام آباد: موڈیز نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام سے پاکستان کو بیرونی فنانسنگ ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی، کمزور حکومت کے باعث بیرونی ادائیگیوں میں مشکلات کا شکار ہونے کے خدشات ہیں، اصلاحات مکمل نہ ہونے پر پروگرام معطل ہونے کا خدشہ رہے گا۔ تفصیلات کے مطابق عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے اپنی ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام سے پاکستان کی سی اے اے ریٹنگ مستحکم رہے گی، بیرونی فنانسنگ کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔
رپورٹ کے مطابق حکومتی اصلاحات جاری رکھنے سے آئی ایم ایف کا مالی تعاون جاری رہے گا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی بیرونی ادائیگیوں کی آئندہ 3سے 5سال میں صورتحال نازک رہے گی، کمزور گورننس اور سماجی مسائل کے باعث حکومت اصلاحات کا مکمل اطلاق نہ کر پائی تو پروگرام کی نظرثانی کے دوران امداد معطل ہونے کا خدشہ رہے گا۔
موڈیز کے مطابق نئے آئی ایم ایف پروگرام میں دور رس اصلاحات کے اطلاق کی شرائط ہیں، نئے پروگرام کے تحت ٹیکس نیٹ کو پھیلانا اور تمام استثنیٰ ختم کرنا ہوگا، توانائی شعبے میں نقصانات ختم کرنے کیلئے انرجی ٹیرف کو بروقت بڑھانا ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق زیادہ ٹیکسز اور مہنگی توانائی کے باعث سماجی تناؤ بڑھے گا جواصلاحات پر عملدرآمد میں مشکلات پیدا کرے گا۔
رپورٹ کے مطابق کمزور حکومت کے باعث پاکستان کے بیرونی ادائیگیوں میں مشکلات کا شکار ہونے کے بھی خدشات ہیں، پاکستان کے زرمبادلہ کے کل ذخائر 5جولائی تک 9.4ارب ڈالر تھے جبکہ پاکستان کو رواں مالی سال بیرونی ادائیگی کیلئے21 ارب اور آئندہ مالی سال کیلئے 23ارب ڈالر درکار ہیں۔