اسلام آباد:چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ایڈہاک ججز معاملے پر سپریم جوڈیشل کونسل جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ججز معاملے کو متنازع نہ بنائیں، فیصلہ بدنیتی پر مبنی ہے، پی ٹی آئی پر پابندی حکومت کے خاتمے کا سبب ہوگی، سپریم کورٹ مخصوص نشستوں بارے فیصلے پر عملدرآمد کرائے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی و سنی اتحاد کونسل کی پارلیمانی پارٹی کے مشترکہ اجلاس کے بعد پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ آج پارلیمانی پارٹی اجلاس میں ہمارے اور اتحادی جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔انہوں نے کہا کہ ایڈہاک ججز آزاد عدلیہ کیلئے مضر ہے، ہم معاملہ سپریم جوڈیشل کونسل میں بھیج رہے ہیں، ججز اس معاملے کو متنازع نہ بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ تعطیلات کے دوران ایک ساتھ 4ایڈہاک ججوں کو 3سال کیلئے سپریم کورٹ لانا بدنیتی پر مبنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ایسے فیصلے لینے کا نہیں، سپریم کورٹ کے اہم فیصلے سننے کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مخصوص نشستوں کے فیصلے پرعملدرآمد کرانا سپریم کورٹ کا کام ہے، ہمارا مطالبہ ہے کہ فیصلے پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ملک کے 70فیصد عوام کی ترجمان جماعت ہے، اس پر کوئی بھی پابندی حکومت کے خاتمے کی طرف کاؤنٹ ڈاؤن ہوگا، پی ٹی آئی محب وطن پارٹی تھی، ہے اور رہے گی۔
![](https://internews.pk/wp-content/uploads/2024/06/Inter-Logo-1-Copy-150x150.jpg)