غزہ کی پٹی کے شمالی حصے میں واقع جبالیہ مہاجر بستی میں رمضان المبارک کے دوران فلسطینی پانی حاصل کرنے کے لئے تباہ شدہ عمارتوں کے پاس جمع ہیں۔ (شِنہوا)
غزہ (شِنہوا) فلسطینی سکیورٹی اور طبی ذرائع نے کہا ہے کہ منگل کو علی الصبح غزہ کی پٹی پر بڑے پیمانے پر اسرائیلی فضائی حملوں کے دوران حماس کے زیر انتظام حکومت کے کئی اعلیٰ عہدیدار جاں بحق ہوگئے ہیں۔
حماس حکومت کے سکیورٹی ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں کم از کم 5 اعلیٰ عہدیداران اور ان کے خاندان کے افراد شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق عہدیداران میں حماس کے سیاسی بیورو کے رکن اور غزہ میں حکومت کی عملدرآمد نگراں کمیٹی کے سربراہ عصام الجلیس، حماس کی وزارت انصاف کے نائب وزیر احمد عمر الحطہ، حماس کے نائب وزیر داخلہ محمود ابو وطفہ، حماس کی داخلی سکیورٹی سروس کے ڈائریکٹر جنرل بہزاد حسن ابو سلطان اور سیاسی بیورو کے رکن اور غزہ میں ہنگامی کمیٹی کے سربراہ ابو عبیدہ الجماسی شامل ہیں۔
غزہ کے محکمہ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ منگل کی صبح اسرائیلی فضائی حملوں کے نتیجے میں جاں بحق فلسطینیوں کی تعداد 413 تک پہنچ گئی ہے جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔
