چین کے دارالحکومت بیجنگ میں دوسری چائنہ انٹرنیشنل سپلائی چین ایکسپو (سی آئی ایس سی ای) میں گوشن کے بوتھ پر لیتھیئم بیٹری کی مصنوعات نمائش کے لئے رکھی گئی ہیں۔(شِنہوا)
بیجنگ(شِنہوا)چین نے ابھرتی ہوئی صنعتوں اور ملک کے جدید صنعتی نظام کی ترقی کو تیز کرنے کی کوششوں کےسلسلے میں توانائی ذخیرہ کرنے کی نئی قسم کے پیداواری شعبے کو فروغ دینے کے لئے متعدد اقدامات کا اعلان کیا ہے۔
وزارت صنعت و انفارمیشن ٹیکنالوجی اور 7 دیگر سرکاری اداروں کی جانب سے مشترکہ طور پر جاری لائحہ عمل کے مطابق توانائی ذخیرہ کرنے کی نئی قسم کی پیداواری صنعت سے مراد وہ شعبہ ہے جو توانائی کو ذخیرہ کرنے، انفارمیشن پروسیسنگ، سیفٹی کنٹرول اور توانائی ذخیرہ کرنے کے نئے طریقوں سے متعلق دیگر مصنوعات تیار کرتا ہے۔
منصوبے کے مطابق 2027 تک توقع ہے کہ یہ شعبہ پورے پیداواری سلسلے میں بین الاقوامی مسابقتی فوائد کا مظاہرہ کرے گا۔
دستاویز کے مطابق چین توانائی ذخیرہ کرنے کے نئے شعبے میں ٹیکنالوجی کی جدیدیت کو فروغ دینے کے لئے اقدامات کا آغاز کرے گا۔ ان اقدامات میں لیتھیئم بیٹریوں جیسی پختہ ٹیکنالوجیز کی اپ گریڈیشن کو تیز کرنے کے اقدامات شامل ہوں گے۔
