چین کے جنوب مغربی صوبے گوئی ژو کے شہر گوئی یانگ میں گوئی یانگ لونگ ڈونگ باؤ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کارگو جہاز کھڑا ہے۔(شِنہوا)
گوئی یانگ(شِنہوا)چین کے جنوب مغربی صوبے گوئی ژو کے دارالحکومت گوئی یانگ کو میانمار کے شہر یانگون اور بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ سے منسلک کرنے کے لئے 2 نئے بین الاقوامی کارگو فضائی روٹس کا آغاز کیا گیا ہے۔
گوئی یانگ لونگ ڈونگ باؤ بین الاقوامی ہوائی اڈے کی نگران گوئی ژو سول ایوی ایشن انڈسٹری گروپ کمپنی لمیٹڈ کے مطابق تیانجن ایئر کارگو 21 ٹن سامان کی صلاحیت کے حامل بوئنگ 737-800 ایف آل کارگو طیارے ان روٹس پر چلا رہی ہے۔متعلقہ روٹس پر ہفتے میں 4 سے 5 پروازیں طے کی گئی ہیں۔
اس سے گوئی یانگ ہوائی اڈے کے بین الاقوامی کارگو روٹس کی بڑھتی ہوئی فہرست میں مزید اضافہ ہوا ہے جس میں کولکتہ،دہلی،کراچی اور ماسکو جیسے مقامات شامل ہیں۔
ہوائی اڈے پر آنے والی پروازیں بنیادی طور پر سمندری مصنوعات جیسے کیکڑے اور بام مچھلی کی نقل و حمل کرتی ہیں جبکہ یہاں سے روانہ ہونے والی پروازوں میں گارمنٹس،ٹیکسٹائل،پھول، الیکٹرانک اور مکینیکل آلات جیسے سامان جاتا ہے۔
تجارت میں مزید سہولت کے لئے گوئی یانگ لونگ ڈونگ باؤ بین الاقوامی ہوائی اڈے پر کسٹمز حکام نے درآمدی اور برآمدی دونوں سامان کے لئے 24 گھنٹے کلیئرنس کی سہولت پیش کی ہے۔
