ترکیہ کے انقرہ میں حاجی بیرم ولی یونیورسٹی میں طلباء چینی زبان سیکھ رہے ہیں۔(شِنہوا)
نوشہیر، ترکیہ (شِنہوا) ترکیہ کے مشہورکاپادوکیہ علاقے میں واقع نوشہیر حاجی بکتاش ولی یونیورسٹی میں چینی زبان و ادب کا شعبہ اپنی پہلی گریجویشن کلاس کا جشن منانے کی تیاری کررہا ہے۔
4 برس قبل قائم ہونے والے اس شعبے میں طلباء کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوا، شعبہ کی سربراہ فاطمہ عجم جیلان نے کہا کہ چینی زبان کا مطالعہ ترکیہ میں فروغ پارہا ہے۔ ان کے شعبے کے وظائف حاصل کرنے والے 10 طلبا چین میں زیرتعلیم ہیں۔
جیلان نے کہا کہ چین کے مجوزہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے تحت چینی اداروں کی ایک بڑھتی ہوئی تعداد ترکیہ میں کام کرکے مقامی افراد کو روزگار کے مزید مواقع فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملازمت کے روشن امکانات زیادہ نوجوانوں کو چینی ثقافت اور زبان سیکھنے کی جانب راغب کررہے ہیں۔
کاپادوکیہ اپنی منفرد آتش فشانی زمین اور فضائی غبارے پر سواری کے لئے مشہور ہے، یہ چینی سیاحوں سمیت بین الاقوامی سیاحوں میں ایک مقبول سیاحتی مقام بھی ہے۔
اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے شعبے نے باقاعدہ نصاب کے علاوہ خصوصی سیاحتی اور کاروباری چینی کورسز متعارف کرائے ہیں تاکہ طلباء کو ترکیہ اور چین کے درمیان سیاحت اور تجارت میں مستقبل بنانے کےلئے بہتر انداز سے تیار کیا جاسکے۔
