اسلام آباد /لاہور /کراچی/پشاور / کوئٹہ:ملک بھر کے مختلف شہروں میں حضرت امام حسین و شہدائے کربلا کی قربانیوں کی یاد میں 9 محرم الحرام کے جلوس نکالے گئے ،اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے، مختلف شہروں میں جلوسوں کے راستوں پر موبائل سروس معطل رہی جبکہ راستوں میں سبیلوں اور لنگر کا اہتمام کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق نواسہ رسولۖ حضرت امام حسین اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کی یاد میں ملک بھر کے مختلف شہروں میں 9 محرم الحرام کے چھوٹے بڑے جلوس نکالے گئے ، اس موقع پر پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی جانب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ جلوسو ں کے راستوں پر سبیلوں اور لنگر کا اہتمام کیا گیا جبکہ اس موقع پر موبائل فون سروس بھی بند رکھی گئی۔ اسلام آباد میں 9ویں محرم کا جلوس امام بارگاہ اثنا عشری جی سکس سے برآمد ہوگا جو مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا امام بارگاہ پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
جلوس کے راستوں پر سخت سکیورٹی انتظامات کرتے ہوئے شرکاء کیلئے واک تھرو گیٹس لگائے گئے جبکہ مختلف مقامات پر جلوس کی گزرگاہ کے اطراف کے راستوں کو سیل کردیا گیا ہے۔لاہور میں 9ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس پانڈو سٹریٹ اسلام پورہ سے برآمد ہوا جو روایتی راستوں اسلام پورہ بازار، سیکرٹریٹ اور پرانی انارکلی سے ہوتا ہوا خیمہ سادات پر اختتام پذیر ہوا۔
علاقے میں خار دار تاریں، کنٹینر اور بیریئر لگا کر جلوس کی آمد گاہ اور راستے کو سیل کیا گیا تھا جبکہ موبائل فون سروس معطل رہی، اس موقع پر سیکیورٹی انتظامات کیلئے 5 ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ کراچی میں 9ویں محرم الحرام کا جلوس لیاقت آباد مارٹن کوارٹر سے برآمد ہوا،نشتر پارک پہنچے کے بعد جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا کھادر حسینیہ ایرانیہ امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوا۔جلوس کی سیکیورٹی کیلئے 7 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے ایم اے جناح روڈ کو ٹریفک کیلئے بند کر کے شہریوں کو کوریڈور تھری، سولجر بازار، کشمیر روڈ، پیپلز چورنگی اور شارع قائدین کے متبادل راستے استعمال کر ائے گئے۔
پشاور میں شبیہ ذوالجناح کے 2مرکزی جلوسوں سمیت مجموعی طور پر 18ماتمی جلوس برآمد ہوئے ۔ شبیہ کا پہلا جلوس صدر امام بارگاہ حسینیہ ہال سے برآمد ہوا جبکہ دوسرا بڑا جلوس امام بارگاہ قمربنی ہاشم علی کالونی سٹی سے برآمد ہوا، جلوس مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اپنی امام بارگاہوں پر اختتام پذیر ہوئے۔ جلوسوں کی سیکیورٹی کیلئے مجموعی طور پر 14ہزار سے زائد پولیس اہلکار تعینات کئے گئے، اس موقع پر صدر اور اندرون شہر مکمل طور پر سیل رہا جبکہ موبائل فون سروس بھی جزوی طور پر معطی رہی۔
کوئٹہ میں 9ویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ ناصرالعزا سے شروع ہو کر مختلف راستوں سے گزرتا ہوا وہیں اختتام پذیر ہوا، جلوس کی حفاظت کیلئے پولیس ، ایف سی اور دیگر فورسز کے 5 ہزار اہلکار تعینات کئے تھے گئے، دیگر شہروں کی طرح کوئٹہ میں بھی سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل فون سروس معطل رہی۔
