مسقط: مسقط میں مسجد پر فائرنگ کے نتیجے میں 2 پاکستانیوں سمیت 4 نمازی جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق عمان کے دارالحکومت مسقط کے علاقے الوادی الکبیر میں واقع امام علی مسجد میں مجلس عزا کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں 2 پاکستانیوں سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متعددزخمی ہوگئے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی حکام موقع پر پہنچ گئے اور مسجد کو گھیرے میں لے لیا تاہم کسی کی گرفتاری عمل میں نہ آسکی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے وقت مسجد میں700 سے زائد افراد موجود تھے۔
حکام کے مطابق فائرنگ سے مسجد میں بھگڈر مچنے سے متعدد افراد قدموں تلے کچلے جانے سے زخمی ہوئے ۔ حکام نے بتایا کہ جاں بحق و زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں 6زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ سیکیورٹی حکام کے مطابق مسجد میں فائرنگ کے وقت بڑی تعداد میں پاکستانی بھی موجود تھے تاہم جاں بحق و زخمی ہونے والوں کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔