اسلام آباد/کراچی/لاہور: ملک بھر میں 77واں یوم آزادی انتہائی جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا، دن کا آغاز توپوں کی سلامتی سے ہوا جبکہ نماز فجر میں ملکی سلامتی واستحکام کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئی، ملک بھر سمیت آزاد کشمیر کے مختلف شہروں اور بیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں جشن آزادی تقاریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ملک کی خاطر جانیں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا اور ملکی ترقی و استحکام کی خاطر محنت و لگن سے کام کرنے کا اعادہ کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق بھر میں 77 واں یوم آزادی انتہائی جوش وجذبے کیساتھ منایا گیا دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، وفاقی دارالحکومت میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔ نماز فجر میں ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔جشن آزادی پر مزار قائدؒ اور مزار اقبالؒ میں گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔
کراچی میں گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے مزار قائدؒ پ حاضری دی اور پرچم کشائی کی جبکہ لاہور میں وزیراعلی مریم نواز نے مزار اقبال پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی، اس موقع پر شاہی قلعہ کے عالمگیری دروازہ پر چم کشائی بھی کی گئی۔
پاکستان سمیت آزاد کشمیرکے مختلف شہروں اوربیرون ملک پاکستانی سفارتخانوں میں بھی جشن آزادی کی تقاریب کا انعقاد کیا گیا جن میں شہدائے تحریک پاکستان کوخراج عقیدت،غازیوں کوخراج تحسین پیش کیاگیا اور وطن عزیزکی سا لمیت کیلئے قیمتی جانوں کا نذرا نہ پیش کرنے والوں سے اظہار یکجہتی کی گئی۔اس موقع پر شرکاء نے ملکی ترقی و استحکام کی خاطر محنت و لگن سے کام کرنے کا اعادہ کیا گیا۔
