بیجنگ: چین کے کورئیر سیکٹر نے گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال انتہائی تیزی سے100ارب پارسل کی ترسیل کاہدف عبور کر لیا،جوصارف مارکیٹ اور پائیدار اقتصادی قوت کی عکاسی ہے۔
اسٹیٹ پوسٹ بیورو (ایس پی بی) کے مطابق، 2023 کے مقابلے میں رواں سال یہ سنگ میل 71 دن پہلے منگل کو حاصل کیا گیا ۔ یہ تعداد ملک میں اوسطاً 71.43 پیکجز فی شخص یا ہر سیکنڈ میں 5ہزار144 پیکجز کی ترسیل کے برابر ہے۔
مستحکم معاشی بحالی کے ساتھ تین اہم میٹرکس میں نئے ریکارڈ قائم کرتے ہوئے ایکسپریس ڈیلیوری کا شعبہ ملک کی معاشی ترقی کا ایک اہم اشارہ بن گیا ہے۔
ایک دن میں سب سے زیادہ ترسیل کا حجم58کروڑپارسلز سے زیادہ رہا جبکہ ماہانہ اوسط حجم 13 ارب پارسلز سے تجاوز کر گیا۔اس شعبے کی ماہانہ آمدنی 100 ارب یوآن (تقریباً 14 ارب ڈالر) تک پہنچ گئی۔
انتہائی دور دراز علاقوں تک رسائی کے ساتھ چین میں ایک انتہائی موثر لاجسٹکس نیٹ ورک قائم ہے۔ ملک بھر میں2لاکھ 34ہزار ڈیلیوری پوائنٹس اور 95 فیصد سے زیادہ دیہات میں ایکسپریس ڈیلیوری کی خدمات میسرہیں۔ رواں موسم گرما میں کورئیر سیکٹر کے ذریعے دور دراز علاقوں سے ایک دن کے بعد موسمی پھلوں کی ترسیل کوبھی یقینی بنایا گیا۔