ویانا: بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے کہا کہ اس کے ماہرین نے زاپوریژا نیوکلیئر پاور پلانٹ ( زیڈ این پی پی)کے تباہ شدہ کولنگ ٹاور کا دورہ کیا ہے تاہم ٹاور میں گزشتہ دنوں لگنے والی آگ کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جاسکا۔
روس اور یوکرین نے اس واقعے کا الزام ایک دوسرے پر عائد کیا ہے۔ روس نے یوکرین پر ڈرون حملے کا الزام لگایا جبکہ یوکرین کا کہنا ہے کہ روس کی غفلت کی وجہ سے یا اس کی جانب سے جان بوجھ کر آگ لگائی گئی ہے۔
آئی اے ای اے نے ایک بیان میں کہا کہ زیڈ این پی پی میں تعینات اس کے ماہرین نے مشاہدات کے بعد اندازہ لگایا کہ اس بات کا امکان نہیں کہ آگ سب سے پہلے کولنگ ٹاور کی بنیاد سے شروع ہوئی۔
بیان کے مطابق، ماہرین نے اس بات کا تعین کیا کہ نقصان زیادہ تر ممکنہ طور پر ٹاور کے اندرونی حصے میں تقریباً 10 میٹر اونچائی پر واقع پانی کے نوزل کے مقام پر ہوا لیکن انہیں اس سطح تک رسائی نہیں دی گئی ہے۔