ماسکو: زاپروژیا جوہری بجلی گھر کی ڈائریکٹر برائے رابطہ یوگینیا یا شینا نے کہا ہے کہ یوکرینی افواج کی طرف سے جاری گولہ باری اور حملوں کے آغاز کے بعد پہلی بارزاپروژیا جوہری بجلی گھر کے بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
روسی خبر رساں ادارے "تاس” نے یاشینا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ یوکرین کی مسلح افواج کے حملے سے زاپروژیا جوہری بجلی گھر کے بنیادی ڈھانچے کو پہلی بار شدید نقصان ہوا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یوکرینی افواج نے یہ حملہ کامیکاز ڈرون استعمال کرتے ہوئے کیا ۔ اہم کولنگ نظام کی تنصیبات کو نقصان اور اس کے بعد آگ لگنے کے باوجود بجلی گھر میں کام متاثر نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ کولنگ ٹاور کو کولنگ میں استعمال کیا جاتا ہے چونکہ اس وقت ری ایکٹر یونٹ بند ہیں اس لئے ٹاور زیراستعمال نہیں ہیں اورکولنگ کیلئے اسپرنکر ٹینک کافی ہیں۔
اس سے قبل زاپروژیا خطے کے گورنر یوگینی بالتسکی نے کہا تھا کہ یوکرین کے حملے میں زاپوری زے زیا جوہری بجلی گھر کے کولنگ نظام آگ لگ گئی ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پلانٹ کے تمام 6 ری ایکٹر یونٹ فی الوقت بند ہیں جس سے کسی قسم کے اخراج کوئی خدشہ نہیں ہے۔
روس نے یوکرین پر پلانٹ کو جان بوجھ کر تباہ کرنے اور "جوہری دہشت گردی” کا الزام عائد کیا۔ جبکہ یوکرین کے سرکاری جوہری توانائی آپریٹر اینرگوآٹوم کا کہنا ہے کہ روس کی "غفلت” سے آگ بھڑک سکتی ہے۔
اینرگواٹم کا ثبوت فراہم کیے بغیر یہ بھی دعویٰ ہے کہ فوجی سازوسامان اور دھماکہ خیز مواد ذخیرہ کرنے کے لیے روس جوہری بجلی گھر کے کولنگ ٹاورز استعمال کررہا ہے۔
