نیو یارک: اقوام متحدہ نے ٹی ٹی پی کو افغانستان کا سب سے بڑا دہشت گرد گروپ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹی ٹی پی کو افغان طالبان اور القاعدہ کے دھڑوں کی آپریشنل و لاجسٹک سپورٹ حاصل ہے اور وہ افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرتی ہے۔
غیر ملکی میڈیا میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کی مانیٹرنگ ٹیم نے اپنی ایک رپورٹ میں ٹی ٹی پی کو افغانستان کا سب سے بڑا دہشت گرد گروپ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ افغان طالبان کی جانب سے ٹی ٹی پی کی حمایت میں اضافہ ہوا ہے، افغانستان میں ٹی ٹی پی کے 6سے ساڑھے 6ہزار جنگجو موجود ہیں جنہیں افغان طالبان اور القاعدہ کے دھڑوں کی آپریشنل اور لاجسٹک سپورٹ حاصل ہے۔
ٹی ٹی پی کے کارندوں کو مقامی جنگجوؤں کے ساتھ القاعدہ کیمپوں میں تربیت دی جارہی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغان طالبان ٹی ٹی پی کو دہشتگرد گروپ تصور نہیں کرتے اور وہ افغانستان سے پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیاں کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹی ٹی پی نے بتدریج پاکستان کیخلاف حملوں کی تعداد بھی بڑھائی ہے۔رپورٹ کے مطابق القاعدہ کی بڑھتی حمایت سے ٹی ٹی پی خطے کی سلامتی کیلئے خطرہ بن سکتی ہے۔