چین کے مشرقی صوبے شان ڈونگ کے شہر چھنگ ڈاؤ میں ایک سیٹرووو 1.0 میٹرو ٹرین اپنے آ پریشن سے قبل پارکنگ سے نکل رہی ہے۔(شِنہوا)
چھنگ ڈاؤ (شِنہوا) چین کے مشرقی صوبے شان ڈونگ کے بندرگاہی شہر چھنگ ڈاؤ میں ایک کاربن فائبر میٹرو ٹرین نے مسافر خدمات شروع کردی ہیں جسے سیٹرووو 1.0 کا نام دیا گیا ہے۔
یہ میٹرو ٹرین کاربن فائبر کمپوزٹ باڈی اور فریم کی خصوصیت کی حامل ہے، جو گاڑی کی باڈی اور فریم کے وزن کو بالترتیب 25 فیصد اور 50 فیصد تک کم کرتی ہے،اس کے باعث روایتی ٹرینوں کی نسبت اس ٹرین کا مجموعی وزن 11 فیصد ہلکا ہوجاتا ہے۔
سی آر آر سی چھنگ ڈاؤ سی فانگ کمپنی لمیٹڈ میں ٹرین کے چیف ڈیزائنر لیو جن ژو کا کہنا ہے کہ سفر کے دوران ہر ٹرین میں توانائی کی کھپت کو 7 فیصد تک کم کیا جاسکتا ہے،اس سے کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں سالانہ تقریباً 130 ٹن کی کمی واقع ہوگی،یہ تقریباً 101 مو (تقریباً 6.7 ہیکٹر) رقبے پر درخت لگانے کے مساوی ہے۔
کاربن فائبر مواد کے استعمال سے گاڑی کی ساخت کو بھی خاص طور پر تقویت ملے گی جو اثرات کے خلاف مزاحمت میں اضافہ کر تے ہوئے اس کی ساخت میں پائیداری کو بڑھاتا ہے۔
اس ٹرین کے کیبن کے اندرونی حصے میں آرام دہ بلیک کاربن فائبر نشستوں اور پشت سے لے کر ڈرائیور کنسول تک ہر جگہ کاربن فائبر عناصر کا بھرپوراستعمال کیا گیا ہے۔ یہ سب مستقبل کی اعلیٰ ٹیکنالوجی کا احساس دلاتے ہیں۔ کاربن فائبر اجزاء کے استعمال کی بدولت ، گاڑی میں ارتعاش کی کمی اور خاموشی میں بھی اضافہ ہوتا ہے جو مسافروں کے لئے ہموار سواری اور زیادہ آرام دہ تجربے کو یقینی بناتا ہے۔
