اسلام آباد: اسلام آباد کچہری کے باہر بھارتی حمایت یافتہ فتنہ الخوارج کے خود کش دھماکے کے نتیجے میں 12 افراد شہید جبکہ وکلاء سمیت27 افراد زخمی ہوگئے ۔دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو و سیکیورٹی حکام موقع پر پہنچے اور جاں بحق افراد کی نعشوں اور زخمیوںکو ہسپتال منتقل کردیا۔
ذرائع کے مطابق دھماکہ جوڈیشل کمپلیکس میں کھڑی گاڑی میں ہوا جس کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ آواز دور دور تک سنائی دی ، دھماکے کے بعد قریب کھڑی گاڑیوںکو بھی آگ لگ گئی۔
ذرائع مطابق دھماکے میں 12 افراد شہید جبکہ وکلاء اور سائلین سمیت 27 افراد زخمی ہوئے ہیں جن میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے خودکش حملہ آور کا سر برآمد کرلیاگیا ہے ۔پولیس حکام نے بتایا کہ دھماکے کے وقت کچہری میں لوگوں کی آمدورفت زیادہ تھی ،دھماکے کے بعد عمارت خالی کرا لی گئی، وکلا، ججز اور سائلین کو کچہری سے نکال کر علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب دھماکے کے بعد سیکیورٹی حکام نے جڑواں شہروںمیں سیکیورٹی انتہائی سخت کر کے مختلف علاقوں میں غیرقانونی مقیم افغانیوںودیگر مشتبہ افراد کیخلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں۔
دھماکے کے بعد سپریم کورٹ، ہائیکورٹ، صدر وزیراعظم ، پارلیمنٹ ہائوس سمیت دیگر اہم عمارات کے اطراف پولیس اور سیکیورٹی فورسزکی اضافی نفری تعینات جبکہ شہریوں، گاڑیوں اور پارکنگ ایریاز کی سخت جانچ شروع کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل ٹریکنگ کے ذریعے دھماکے کے سہولت کاروں اور منصوبہ سازوں کی شناخت و گرفتاری کیلئے کوششیں شروع کردی ہیں۔




