وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ اب تک دہشتگردی سرحدی علاقوں تک محدود تھی، اسلام آباد میں دہشتگردی ریاست کو پیغام سمجھنا چاہئے، اس دہشتگردانہ حملے سے ہمیں پیغام دیا گیا آپ کے تمام علاقے ہماری زد میں ہیں، ہماری عوام اور افواج دہشتگردی کیخلاف قربانیاں دے رہے ہیں۔
اسلام آباد کچہری دھماکے پر صحافیوں سے گفتگو میں وزیر دفاع نے کہا اندازہ تھاکہ ہم پر پریشر ڈالنے کیلئے اس قسم کی کوئی حرکت کی جائیگی، افغان حکومت افغانستان میں بیٹھے دہشتگردوں کی پشت پناہی کر رہی ہے۔
انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ دہشتگردانہ کارروائیاں سرحدی اور نہ ہی شہری علاقوں میں برداشت کی جائیں گی، پاکستان دہشتگردانہ کارروائیوں کا بھرپور جواب دیگا۔
افغان حکومت سے کامیاب ڈائیلاگ کی تھوڑی سی امید تھی اس حملے کے بعد دیکھنا پڑیگا، ان حالات میں ریاست کو سنجیدہ ہوکر سوچنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ کالعدم ٹی ٹی پی کے سارے چیلے کابل میں بیٹھے ہیں، کابل حکومت کس طرح ان کی ذمے داری قبول نہیں کرسکتی؟۔




