کینبرا: آسٹریلیا کی اعلی ترین انٹیلی جنس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل نے ملک میں دہشتگردی خطرے کی سطح میں اضافے کے بعد پر تشدد انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے معاشرتی سطح پر بھرپور کوششوں کا مطالبہ کیا ہے۔
آسٹریلین سکیورٹی انٹیلی جنس آرگنائزیشن(اے ایس آئی او) کے ڈائریکٹر جنرل مائیک برگس نے قومی براڈ کاسٹر آسٹریلین براڈ کاسٹنگ کارپوریشن(اے بی سی) کو بتایا کی آسٹریلیا میں پر تشدد انتہا پسندی کے خطرے سے نمٹنے کیلئے پورے معاشرے کی کوشش کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی زبان کو دیکھنے کی ضرورت ہے کیونکہ اشتعال انگیز زبان کا اشتعال انگیز کشیدگی اور تشدد سے براہ راست تعلق ہے۔
میڈیا کو اپنی شہ سرخیوں میں محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔یہ کشیدگی بڑھا سکتی ہیں جبکہ سیاستدانوں کو اپنی سیاسی بحث میں احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔
برگس نے کہا کہ خطرے کی سطح اس لیے بڑھائی گئی ہے کیونکہ زیادہ سے زیادہ لوگ مختلف نظریات کی وجہ سے تیزی سے بنیاد پرست بن رہے ہیں، انہوں نے سوشل میڈیا کو پرتشدد انتہا پسندی کا سب سے بڑا محرک قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ مذہبی بنیادوں پرانتہا پسندی اب بھی غالب قوت ہے لیکن صرف ایک یہ ہی نہیں ہے۔
برطانیہ میں جاری پرتشدد فسادات کے بارے میں پوچھے جانے پر برگس نے کہا کہ اس سرگرمی کو چلانے والے عوامل وہی ہیں جن کے نتیجے میں خطرے کی سطح میں اضافہ ہوا ہے لیکن آسٹریلیا میں اس طرح کے واقعات شاید اس پیمانے تک نہیں پہنچیں گے۔