بیروت: حزب اللہ نے اسرائیل کے شہر شمالی صفد میں اسرائیلی فوجی اڈے پر متعددخودکش ڈرونز سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں متعدد اسرائیلی اہلکار زخمی ہو گئے۔
حزب اللہ نے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ روز اسلامی مزاحمتی جنگجوؤں نے مچھوی ایلون بیس پر خودکش ڈرونز کے ساتھ فضائی حملہ کیا۔
اس اڈے میں صفد کے جنوب مغرب میں واقع شمالی کور کے لئے فوجی اہلکار اور ہنگامی گودام شامل ہیں،حملے میں افسران اور فوجیوں کے ٹھکانوں کو براہ راست نشانہ بنایا گیا، جس سے کئی اہلکاروں کے زخمی ہونے کی مصدقہ اطلاعات ملی ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ حملہ جمعہ کو جنوبی لبنان کے شہر سیدون میں ایک حماس کے ایک عہدیدار کے قتل کا ردعمل تھا۔
دریں اثنا لبنانی فوج کے ذرائع نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر شِنہوا کو بتایا کہ اسرائیلی ڈرونز اور جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان کے سرحدی علاقے میں چھ دیہات اور قصبوں پر دس فضائی حملے کیے جس میں تین شہری زخمی اور اٹھارہ گھر تباہ ہوئے۔