بیجنگ: رواں سال کے ابتدائی 7 ماہ میں چائنا یورپ ریلوے ایکسپریس نے مجموعی طور پر 11 ہزار 403 ٹرینیں چلائیں جن کے ذریعے 12 لاکھ 30 ہزار بیس فٹ مساوی یونٹس(ٹی ای یوز) کنٹینرز پر مشتمل سامان کی نقل و حمل ہوئی جو گزشتہ برس کی نسبت بالترتیب 12 فیصد اور 11 فیصد زائد ہے۔
چائنا اسٹیٹ ریلوے گروپ کمپنی لمیٹڈ کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق جولائی کے دوران 1 ہزار 776 ٹرینیں چلائی گئیں جن کے ذریعے 1 لاکھ 85 ہزار ٹی ای یوز سامان کی نقل و حمل ہوئی ۔ یہ مسلسل تیسرا ماہ تھا جس میں 1 ہزار 700 سے زائد ٹرینیں چلائی گئیں۔
کمپنی نے بتایا کہ رواں سال کے آغاز سے اس نے بین الاقوامی سپلائی اور صنعتی چینز میں استحکام اور روانی یقینی بنانے کے لئے چین ۔ یورپ ریلوے ایکسپریس خدمات کا معیار اور کارکردگی میں مسلسل اضافہ کیا ہے۔
کمپنی کے مطابق مخصوص اقدامات میں نقل و حمل راستوں کی تعمیر میں استحکام ، سرحدی بندرگاہوں پر ٹرانس شپمنٹ صلاحیتوں میں اضافہ اور تیز رفتار کسٹم کلیئرنس ماڈل کا فروغ شامل ہے۔
ریلوے آپریٹر نے کہا کہ ان کوششوں کی بدولت چین کی بیرونی تجارت میں ترقی اور اعلیٰ سطح کے کھلے پن میں نئی تحریک پیدا ہوئی ہے۔
