چین کے مشرقی صوبہ ژے جیانگ کے شہر یوئے چھنگ میں سیاح یان دانگ پہاڑ کے تفریحی مقام کا دورہ کررہے ہیں۔ (شِنہوا)
بیجنگ (شِنہوا) چین میں 2 جیو پارکس کو یونیسکو عالمی جیو پارک قرار دے دیا گیا ہے۔ان میں ایک شمال مغربی صوبے چھنگ ہائی جبکہ دوسرا جنوب مغربی بلدیہ چھونگ چھنگ میں واقع ہے۔
قومی جنگلات اور سبزہ زار انتظامیہ نے جمعہ کے روز اس بات کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس نئے اضافے سے چین میں یونیسکوعالمی جیو پارکس کی تعداد 49 ہوگئی ہے جو دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔
چین کے شمال مغربی چھنگ ہائی میں واقع کانبولا نیشنل جیو پارک تقریباً 3 ہزار 149 مربع کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے۔ اس کی حیرت انگیز ڈینشیا طرز کی زمینی ساخت ، بلند و بالا چوٹیاں، پوشیدہ غار اور چھوٹی چھوٹی جھیلیں اسے جغرافیائی سائنسی تحقیق اور عوامی سائنسی تعلیم کے لئے ایک اہم مقام بناتی ہیں۔
چین کی جنوب مغربی بلدیہ چھونگ چھنگ میں یون یانگ جیو پارک تقریباً 1 ہزار 124 مربع کلومیٹر پر محیط ہے اور اپنے بھرپور ڈائنا سورفوسلز اور مختلف نوعیت کے کارسٹ کی زمینی ساخت کے لئے مشہور ہے۔
یہاں پر موجود فوسل عالمی سائنسی اہمیت رکھتے ہیں، یہ جراسک عہد کے وسطی دور میں ڈائنا سورز کے ارتقا خاص کر اس عہد کے ابتدائی حصے میں معلومات کا اہم خلا دور کرنے میں مدد کرتے ہیں۔
چین اپنے ارضیاتی ورثے اور قدرتی مناظر کے تحفظ اور استعمال کے لئے ماڈل تیار کرنے پر فعال انداز سے کام کررہا ہے جو مقامی خصوصیات کو ضم کرتے ہیں، ان کوششوں نے ملک کو عالمی سطح پر پہچان دی ہے۔
