ملائیشیا کے شہر لانگ کاوی میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے وزرائے خارجہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کے مقام کا منظر-(شِنہوا)
جکارتہ(شِنہوا)جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) نے خبردار کیا ہے کہ امریکہ کی تازہ ترین یکطرفہ محصولات کی حکمت عملی عالمی معاشی استحکام کو خطرے میں ڈالے گی اور رسد کے بین الاقوامی نظام میں خلل پیدا کرے گی۔
جمعرات کو ویڈیو کانفرنس کے ذریعے منعقدہ خصوصی اجلاس کے دوران آسیان کے اقتصادی وزراء نے کاروباری اداروں بالخصوص مائیکرو، چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروباروں (ایم ایس ایم ایز) سمیت عالمی تجارتی حرکیات پر محصولات کے اثرات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔
آسیان کے اقتصادی وزراء کے مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کی جانب سے محصولات کے غیر معمولی نفاذ سے علاقائی اور عالمی تجارت اور سرمایہ کاری کے بہاؤ کے ساتھ ساتھ رسد کا نظام متاثر ہوگا جس سے امریکہ سمیت دنیا بھر میں کاروبار اور صارفین متاثر ہوں گے۔
جوابی کارروائیوں کی مخالفت کرتے ہوئے آسیان نے متوازن اور پائیدار تجارتی حل تلاش کرنے کے لئے امریکی حکومت کے ساتھ کھلے اور تعمیری مذاکرات میں شامل ہونے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔
وزراء نے ایک منصفانہ اور قواعد پر مبنی کثیر جہتی تجارتی نظام کی حمایت کا بھی اظہار کیا جس میں عالمی تجارتی تنظیم ایک اہم ستون ہے۔ انہوں نے ڈبلیو ٹی او کو تجارتی تنازعات حل کرنے کے مقام کے طور پر استعمال کرنے کی بھی حمایت کی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ان عالمی خدشات کے باوجود آسیان علاقائی اقتصادی انضمام کو مضبوط بنانے، بیرونی شراکت داروں کے ساتھ تعاون بڑھانے اور علاقائی تجارتی استحکام کو مشترکہ اور پائیدار طور پر یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے۔
