بیجنگ: چائنہ ایرو اسپیس سائنس اینڈ انڈسٹری کارپوریشن (سی اے ایس آئی سی) نے سرنگوں کے لیے ایک بغیر پائلٹ ایمرجنسی ریسکیو سسٹم تیار کرلیاہے۔
سی اے ایس آئی سی کے مطابق ہائی وے پر امدادی کارروائیوں کے مقابلے میں، ٹنل ریسکیو میں بہت سی مشکلات کا سامنا ہوتا ہے جن میں سرنگ کا پیچیدہ اور خطرناک علاقہ،چیزوں کو سمجھنے کی محدود صلاحیت،سیٹلائٹ سگنل کی کوریج کی عدم موجودگی، جائے حادثہ تک محدود رسائی اور موثر نیوی گیشن ٹولز کی کمی شامل ہے۔
چینی محققین نے سسٹم کی تیاری میں خودمختار ٹنل نیویگیشن، ریڈارمیں رکاوٹ کا پتہ لگانے اور اس سے بچنے ، راستے کی خود مختار منصوبہ بندی، ٹنل کمیونیکیشن ٹرانسمیشن اور انتہائی کم اونچائی پر فائر فائٹنگ سے متعلقہ اہم تکنیکی چیلنجز پر قابو پایا۔
سسٹم نے سیٹلائٹ سگنل نہ رکھنے والی سرنگوں میں کامیابی سے خود مختار نیویگیشن کی جس سے آگ کے ذرائع اور افراد کی ذہین شناخت اور درست مقام کا تعین کیا جا سکتا ہے۔ یہ سسٹم ریسکیو آلات اور آگ بجھانے والے مواد کی درست طریقے سے پہچان کرسکتا ہے، جس سے آگ لگنے کی صورت میں فوری ردعمل دیا جاسکتا ہے ۔ جدید سسٹم ایکسپریس وے ٹنل میں آگ لگنے کے دوران سیٹلائٹ سگنل کی عدم موجودگی اور ٹریفک جام جیسی مشکلات سے مؤثر طریقے سے بھی نمٹ سکتا ہے۔