منگل, جنوری 14, 2025
تازہ ترینشہباز شریف کی ملکی ترقی کیلئے وزارتوں کو اہداف پر نتائج ہر...

شہباز شریف کی ملکی ترقی کیلئے وزارتوں کو اہداف پر نتائج ہر صورت دینے کی ہدایت

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے ملکی ترقی کیلئے وزارتوں کو اہداف پر نتائج ہر صورت دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے نجات کا ہدف باتوں سے پورا نہیں ہوگا ،دن رات کام کرنا ہوگا،کسی وزارت کی جانب سے سستی، کوتاہی ہرگز برداشت نہیں، اب مزید ایسے نہیں چلے گا،چین کیساتھ تعاون کے فروغ پر تیزی سے پیشرفت یقینی بنانا ہوگی، شمسی توانائی سے پیدا شدہ سستی بجلی کا فائدہ زراعت وکاشتکار کو ہوگا ، معدنی ذخائر کو بروئے کار لانا ہوگا، کرپشن کی روک تھام سے حاصل رقم ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔

تفصیلات کے مطابق کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالی سے دعاء ہے محرم الحرام پرامن گزرے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ محرم کی مناسبت سے سیکیورٹی انتظامات بہترین ہونے چاہئیں، صوبوں کیساتھ سیکیورٹی تعاون سے قومی یکجہتی اور اتحاد کو تقویت ملے گی۔انہوں نے کراچی میں سی ٹی ڈی افسر اور خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ میری روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے ملاقات مفید رہی ہے ، ان سے تجارت و دیگر شعبوں میں تعاون پر بات ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چین کے ساتھ تعاون کے فروغ پر تیزی سے پیشرفت یقینی بنانا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 28 ہزار ٹیوب ویلز کی شمسی توانائی پر منتقلی اہم اقدام ہے، وزیراعلی بلوچستان اور وفاقی افسران نے شمسی توانائی منصوبے پرمحنت سے کام کیا، ٹیوب ویلز کیلئے وفاق کے دیے گئے 80ارب روپے ضائع ہو رہے تھے، ہمیں ترسیلی لائنز کو بہتر بنانا اور بجلی چوری پر قابو پانا ہے، وزیراعلی بلوچستان کا مسائل کے حل کیلئے سنجیدگی کا مظاہرہ قابل تعریف ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں تیل سے چلنے والے 10لاکھ ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جائے گا ، اقدام سے خطیر رقم کی بچت ممکن ہوگی۔انہوں نے کہا کہ شمسی توانائی سے پیدا ہونیوالی سستی بجلی کا فائدہ زراعت اور کاشتکار کو ہوگا اورزرعی شعبہ تیزی سے ترقی کریگا۔انہوں نے کہا کہ جن علاقوں میں بجلی چوری ہوتی ہے وہاں لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے، ہم نے کل 50ارب روپے ترقیاتی بجٹ سے کٹ لگا کر 200یونٹ والوں کو 3مہینے کیلئے ریلیف دیا۔

انہوں نے کہا کہ ملکی معاشی بہتری کیلئے کچھ نہ کرنا ناانصافی ہوگی، وزارت خزانہ کو بزنس ماڈل بنانے کی ہدایت کی ہے جس پر صوبوں سے مشاورت کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں معدنیات کے بے پناہ ذخائر موجود ہیں جنہیں بروئے کار لانا ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی بندرگاہ پر ہونے والی کرپشن روکنے کیلئے اقدامات کرنا ہوں گے، کرپشن کی روک تھام سے حاصل رقم ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کی جائیگی۔

انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے وزاتوں سے اہداف پر نتائج ہر صورت چاہئیں،کسی وزارت کی جانب سے سستی ، کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کروں گا، اب مزید ایسے نہیں چلے گا۔انہوں نے کہا کہ کمر کس لیں، پاکستان کے مسائل کو حل کرنا ہے، ٹائم برباد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، فیصلوں پر عملدرآمداور نفاذ کرنا ہوگا، سب نے ٹارگٹ پورے کرنے ہیں، آئی ایم ایف سے نجات کا ہدف صرف باتوں سے پورا نہیں ہوگا بلکہ اس کیلئے دن رات کام کرنا ہوگا۔

انٹرنیوز
+ posts
متعلقہ خبریں
- Advertisment -
Google search engine

زیادہ پڑھی جانے والی خبریں