اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے چینی شہریوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ چینی شہریوں بارے سیکیورٹی آڈٹ مقررہ ٹائم لائن کے اندر یقینی بنایا جائے، متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے نئے ایس او پیز پر 100فیصد عملدرآمد یقینی بنائیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت چینی شہریوں کی سیکیورٹی سے متعلق کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وفاقی سیکرٹری داخلہ، سیکرٹری دفاع، تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے چیف سیکرٹریز، آئی جیز سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ملک بھر میں چینی شہریوں کی سیکیورٹی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ چینی شہریوں کی حفاظت پر کوئی سمجھوتہ یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ چینی شہریوں سے متعلق سیکیورٹی آڈٹ کو مقررہ ٹائم لائن کے اندر یقینی بنایا جائے، متعلقہ ادارے باہمی تعاون سے نئے ایس او پیز پر 100فیصد عمل درآمد یقینی بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ چینی شہریوں کی سیکیورٹی کے ایس او پیز تمام متعلقہ اداروں کی مشاورت سے تیار کئے گئے ہیں، کوشش کی گئی ہے کہ ان ایس او پیز میں سیکیورٹی کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ فیلڈ میں کام کرنیوالے ادارے مزید سفارشات سے بھی آگاہ کریں، کور کمیٹی ان سفارشات کا جائزہ لے گی، اگر کہیں بہتری کی گنجائش ہوئی تو ان پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔
![](https://internews.pk/wp-content/uploads/2024/06/Inter-Logo-1-Copy-150x150.jpg)